گلگت بلتستان کی وزارت اعلیٰ کے لیے بلاول بھٹو کا امجد ایڈووکیٹ کے نام پر اتفاق

گلگت بلتستان: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد ایڈووکیٹ کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے امجد ایڈووکیٹ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں حکومت سازی کے معاملات سمیت عوام کے آئینی اور معاشی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ہدایات دیں۔

گلگت بلتستان میں نئی حکومت کے قیام کے لیے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان بھی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

دونوں جماعتوں نے اسمبلی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس کے بعد حکومت سازی کا عمل مزید واضح ہوگیا ہے۔

گلگت میں پیپلز پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حفیظ الرحمن نے اعلان کیا کہ ان کی جماعت قائد ایوان کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرے گی اور ووٹ دے گی۔

یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے نام کی منظوری دے دی

حفیظ الرحمن کا کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر اور گورنر کے معاملات وفاقی فارمولے کے مطابق طے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی تعاون کا مقصد گلگت بلتستان میں استحکام اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنانا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کے تعاون کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں سیاسی استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ انتخابات میں گلگت بلتستان اسمبلی میں پیپلز پارٹی اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی، جس کے بعد حکومت سازی کے لیے سیاسی رابطوں کا سلسلہ جاری تھا۔

Scroll to Top