خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پراعلی افسران کے تقرر و تبادلے

محمد اعجاز آفریدی
حکومت خیبر پختونخوا کے ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے صوبائی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے مختلف محکموں میں تعینات افسران کے تقرر و تبادلوں کے  نوٹیفیکیشنز جاری کر دیے ہیں۔

جاری کردہ نوٹیفیکیشنز کے مطابق ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں تعیناتی کے منتظر پی ایم ایس گریڈ 18 کے افسر تنویر خان کو محکمہ صحت میں ایڈیشنل سیکریٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح تعیناتی کے منتظر ایک اور پی ایم ایس گریڈ 18 افسر محمد عارف خان-I کو ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں ایڈیشنل سیکریٹری (جوڈیشل) کی خالی اسامی پر مقرر کیا گیا ہے۔

مزید برآں، پی ایم ایس گریڈ 18 کے افسر طارق محمود-II جو تعیناتی کے منتظر تھے کو محکمہ خزانہ (فنانس ڈیپارٹمنٹ) میں ایڈیشنل سیکریٹری تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں ایڈیشنل سیکریٹری (جوڈیشل) کے فرائض انجام دینے والے پی ایم ایس گریڈ 19 کے افسر محمد ندیم اختر کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں محکمہ معدنیات (منرلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ) میں ایڈیشنل سیکریٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔

صوبائی انتظامی ڈھانچے میں ایک اور اہم تبدیلی کے تحت کوہاٹ ڈویژن کے ایڈیشنل کمشنر کامران خٹک (پی ایم ایس گریڈ 19) کا تبادلہ کر کے انہیں بورڈ آف ریونیو خیبر پختونخوا میں سیکریٹری-II تعینات کیا گیا ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عباس علی بخاری (پی ایم ایس گریڈ 18) کو کوہاٹ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں بطور ڈائریکٹر خدمات سرانجام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا، دو سال مکمل ہونے سے قبل ٹرانسفر پالیسی کو خلاف قانون قرار، تبادلے منسوخ

محکمہ تعلیم کی نگرانی سے متعلق ادارے میں بھی نئی تعیناتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں تعیناتی کے منتظر دو پی ایم ایس گریڈ 18 افسران، محمد شاہ جمیل اور اشتیاق سلطان کی خدمات خیبر پختونخوا ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کے سپرد کر دی گئی ہیں تاکہ انہیں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز کے طور پر تعینات کیا جا سکے۔

دریں اثنا سول سیکریٹریٹ کے عملے میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ گریڈ 16 سید آصف نواز کو ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے منتقل کر کے منرلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں تعینات کیا گیا ہے۔ فنانس ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ گریڈ 16 نجیب اللہ کا مجوزہ تبادلہ روک دیا گیا ہے اور انہیں ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں ہی برقرار رکھا گیا ہے۔ جبکہ منرلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے جونیئر کلرک گریڈ 11 سید احمد شاہ کا تبادلہ کر کے انہیں فنانس ڈیپارٹمنٹ میں خالی اسامی پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام تقرر و تبادلے انتظامی ضروریات اور عوامی مفاد کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔ ان احکامات کی نقول متعلقہ محکموں، اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا، اسٹیبلشمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔

Scroll to Top