ممبئی: بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی اداکارہ سنچیتا اوگلے 22 سال کی عمر میں مبینہ طور پر خودکشی کے واقعے میں جاں بحق ہو گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے گزشتہ شام اپنے گاؤں میں واقع رہائش گاہ پر مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ سنچیتا اوگلے نے اپنے کمرے کا دروازہ اندر سے بند کر کے مبینہ طور پر ساڑھی کی مدد سے پنکھے سے لٹک کر اپنی جان لی۔
رپورٹس کے مطابق اہلِ خانہ اور مقامی افراد نے اداکارہ کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بینظیر موبائل سم کے حصول کی تاریخ میں توسیع کا اعلان
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کے والد کی درخواست پر مقامی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ موت کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سنچیتا اوگلے نے بھارتی ٹی وی کے مقبول ڈراموں “کُم کُم بھاگیہ” اور “واگلے کی دنیا” سمیت متعدد پروجیکٹس میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ وہ فلم “چھاوا” اور “سائلنس 2: دی نائٹ آؤل بار شوٹ آؤٹ” میں بھی جلوہ گر ہو چکی تھیں۔





