عظمت اللہ عقاب
اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس میں وکالت ناموں کی فراہمی کے معاملے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت میں تفصیلی جواب جمع کرا دیا ہےجس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر پر جان بوجھ کر غفلت برتنے اور غلط بیانی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
عدالتی حکم پر ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے دفتر میں جمع کرائے گئے جواب کے مطابقجیل انتظامیہ نے وکیل سلمان صفدر کے اس مؤقف کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں قائم ڈویژن بینچ کے سامنے دعویٰ کیا تھا کہ وکالت ناموں پر دستخط مکمل کر کے فراہم نہیں کیے گئے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کو مطلع کیا ہے کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں 16 جون کو ہی تمام وکالت ناموں پر دستخط کا عمل مکمل کر لیا گیا تھا اور یہ دستاویزات وکیل کے حوالے کرنے کے لیے تیار تھیں۔
جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ قانونی نمائندے نے 18 جون کی سماعت سے قبل جان بوجھ کر یہ وکالت نامے وصول نہیں کیے تاکہ کیس کی عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالی جا سکے۔





