پراپرٹی خریدنے اور بیچنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

پراپرٹی خریدنے اور بیچنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

حکومت نے فنانس بل میں پراپرٹی سیکٹر کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے غیر منقولہ جائیداد کے لین دین پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح میں کمی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نجی ٹی وی کےمطابق فنانس بل کی منظوری کے بعد یکم جولائی سے شروع ہونے والے نئے مالی سال سے ملک بھر میں پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹیکس کی یہ نئی اور کم تر شرح نافذ العمل ہوگی۔

نئے قانون کے تحت یکم جولائی سے جائیداد فروخت کرنے والے شخص سے مجموعی رقم کا محض 2.75 فیصد ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ حکومت کے اس اقدام سے رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں جائیدادوں کی فروخت آسان ہونے کی امید ہے۔

دوسری جانب جائیداد خریدنے والے شہریوں کو بھی ریلیف دیا گیا ہے اور اب جائیداد خریدنے پر پراپرٹی کی فیئر مارکیٹ ویلیو کا صرف 1.25 فیصد ایڈوانس ٹیکس لاگو ہوگا۔ ٹیکسوں کی شرح میں اس کمی سے پراپرٹی سیکٹر میں کاروباری سرگرمیاں تیز ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا فنانس بل: رکشوں اور گاڑیوں پر سالانہ ٹیکس عائد

رئیل اسٹیٹ کے برعکس منظور کردہ فنانس بل کے مطابق کارپوریٹ سیکٹر اور بینکس پر ٹیکسوں کے بوجھ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یکم جولائی سے بینکنگ کمپنیوں اور فرٹیلائزر سیکٹر کی 15 کروڑ روپے سے زائد کی آمدن پر 10 فیصد کی شرح سے ٹیکس عائد ہوگا۔

مزید برآں، دیگر تمام کارپوریٹ کمپنیوں کو بھی اضافی ٹیکس نیٹ میں لایا گیا ہے جس کے تحت ان کمپنیوں کی 50 کروڑ روپے سے زائد آمدن ہونے پر حکومت کی جانب سے 8 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

Scroll to Top