عالمی سطح پر امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کی خبروں کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ تین ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ امریکی خام تیل 76 ڈالر فی بیرل تک گر گیا ہے، جبکہ برطانوی خام تیل 79 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کا مربن کروڈ آئل بھی سستا ہو کر 71.8 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے، جسے عالمی توانائی مارکیٹ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے اور کشیدگی میں کمی کی توقعات نے عالمی تیل منڈی پر اثر ڈالا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں کمی کا رجحان سامنے آیا۔
یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈکپ: امریکی سرزمین پر ایرانی ترانے کی گونج، پرچم دیکھ کر شائقین پُرجوش
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔ سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس میں 3 ہزار 353 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 80 ہزار 392 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، جسے سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔
معاشی حلقوں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا اشارے سمجھے جا رہے ہیں۔





