اسپین جانے کے خواہشمند افراد کیلئے اہم خبر

میڈرڈ: اسپین کا غیر قانونی تارکینِ وطن کو قانونی رہائشی حیثیت دینے کا پروگرام دنیا بھر کے مہاجرین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں قانونی حیثیت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کی تعداد حکومتی توقعات سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسپین میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کو قانونی رہائشی حیثیت دینے کے حکومتی پروگرام کے تحت اب تک تقریباً 9 لاکھ افراد رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جبکہ درخواستوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اسپین کی حکومت نے گزشتہ ماہ تقریباً 5 لاکھ غیر قانونی تارکینِ وطن کو قانونی رہائشی حیثیت دینے کے ایک بڑے منصوبے کی منظوری دی تھی، تاہم حکام کے اندازوں کے برعکس اس پروگرام میں غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے۔

اسپین کی وزارتِ مہاجرت کے مطابق اب تک موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد 9 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جو حکومت کے ابتدائی ہدف سے کہیں زیادہ ہے۔

دوسری جانب پناہ گزینوں کی مدد کرنے والی غیر سرکاری تنظیم “سی ای اے آر” کا کہنا ہے کہ پروگرام کی مدت مکمل ہونے تک درخواستوں کی تعداد 10 لاکھ سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔

حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو باقاعدہ لیبر مارکیٹ کا حصہ بنانا اور معیشت میں ان کے کردار کو قانونی شناخت فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی منڈی سے بڑی خوشخبری، خام تیل کی قیمتیں 3 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں

یاد رہے کہ اسپین ان چند یورپی ممالک میں شامل ہے جو سخت امیگریشن پالیسیوں کے بڑھتے رجحان کے باوجود تارکینِ وطن کے لیے نسبتاً نرم اور کھلے دروازوں کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

ماہرین کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران اسپین کی معاشی کارکردگی یورپ کے بیشتر ممالک کے مقابلے میں بہتر رہی ہے، جس میں تارکینِ وطن نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

مہاجرین نے مہمان نوازی، بزرگوں کی نگہداشت اور دیگر شعبوں میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ سوشل سکیورٹی فنڈز میں بھی نمایاں اضافہ کیا، جسے اسپین کی معیشت کیلئے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top