راولپنڈی: پاکستان آرمی نے ایروناٹیکل انجینئرز اور دیگر متعلقہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کیلئے ڈائریکٹ شارٹ سروس کمیشن (DSSC) کے تحت کیپٹن کے عہدے پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان آرمی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق بھرتیاں کور آف الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرز (EME) میں کی جائیں گی، جس کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
جوائن پاک آرمی کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے امیدوار 12 جولائی 2026 تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ رجسٹریشن کا آغاز 22 جون 2026 سے ہو چکا ہے۔
بھرتیوں کیلئے ایوی ایشن/ایوی اونکس انجینئرنگ، ایرو اسپیس انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ اور مکینیکل انجینئرنگ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار اہل قرار دیے گئے ہیں۔
پاکستان آرمی کے مطابق اہل امیدوار آن لائن فارم پُر کرکے درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ انٹرنیٹ کی سہولت نہ رکھنے والے امیدوار ملک بھر میں قائم آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سینٹرز سے بھی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، اقوامِ متحدہ میں تاریخی قرارداد منظور
حکام کے مطابق لاہور، کراچی، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں قائم آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سینٹرز امیدواروں کی رجسٹریشن اور رہنمائی کیلئے دستیاب ہوں گے۔
پاکستان آرمی نے دلچسپی رکھنے والے اہل انجینئرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں جمع کرائیں تاکہ بھرتی کے عمل میں شامل ہو سکیں۔





