صدر آصف زرداری نے فنانس بل 27-2026 کی منظوری دے دی

صدر آصف زرداری نے فنانس بل 27-2026 کی منظوری دے دی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے فنانس بل 27-2026 پر باقاعدہ دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد نئے مالی سال کا وفاقی بجٹ یکم جولائی سے ملک بھر میں نافذ العمل ہو جائے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوانِ صدر سے منظوری کے بعد صدارتی دستخط شدہ فنانس بل کو باقاعدہ گزٹ نوٹیفکیشن کی تیاری کے لیے پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

اگلے ماہ کی پہلی تاریخ سے 18 ہزار ارب روپے سے زائد حجم کے اس بھاری وفاقی بجٹ پر باقاعدہ عملدرآمد شروع ہو گا جس کے ساتھ ہی بجٹ میں تجویز کردہ تمام مالیاتی اقدامات اور پالیسیاں نافذ ہو جائیں گی۔

اس نئے فنانس بل کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ٹیکس سلیبس اور کسٹم ڈیوٹیز میں کی جانے والی تبدیلیاں بھی اسی تاریخ سے لاگو ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی

واضح رہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد فنانس بل گزشتہ روز حتمی توثیق کے لیے ایوانِ صدر منتقل کیا تھاجس پر صدر مملکت نے آج دستخط کیے۔

فنانس ایکٹ 27-2026 کے باقاعدہ نفاذ کے بعد وفاقی حکومت نئے مالیاتی سال کے دوران معاشی اہداف حاصل کرنے کے لیے بجٹ میں شامل ترقیاتی منصوبوں اور دیگر انتظامی امور پر کام شروع کرے گی۔

Scroll to Top