کوہستان مالیاتی سکینڈل

کوہستان مالیاتی سکینڈل میں نیب کی بڑی کامیابی، مرکزی ملزم کا مبینہ فرنٹ مین نعمان گرفتار

کوہستان مالیاتی سکینڈل میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم قیصر اقبال کے مبینہ فرنٹ مین نعمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزم نعمان کافی عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل روپوش تھا، تاہم نیب نے کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے کر باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نعمان کے بینک اکاؤنٹس سے ملکی کرنسی اور امریکی ڈالرز میں کروڑوں روپے مالیت کی مشتبہ مالی لین دین کے واضح شواہد حاصل ہوئے ہیں، جن کی اب باریک بینی سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کوہستان کرپشن کیس: نیب نے 6 ارب روپے کے ضبط شدہ اثاثے خیبرپختونخوا حکومت کے سپرد کر دیے

ابتدائی ملنے والی معلومات کے مطابق نعمان نے مرکزی ملزم قیصر اقبال کے لیے اسلام آباد، نتھیا گلی، ایبٹ آباد اور کاغان جیسے اہم مقامات پر قیمتی کمرشل جائیدادیں خرید رکھی تھیں اور اب نیب ان تمام جائیدادوں کی ملکیت، سرمایہ کاری کے ذرائع اور مالیاتی ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لے رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس گرفتاری کو کوہستان اسکینڈل کی تحقیقات میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جس کے بعد کیس سے جڑے دیگر اہم افراد کی گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

نیب حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس بڑے مالیاتی سکینڈل میں ملوث کسی بھی شخص کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی اور بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا مکمل سراغ لگایا جائے گا۔

Scroll to Top