اعظم آباد : خیبرپختونخوا کے علاقے اعظم آباد میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے ایک خارجی کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی کر دیا۔ کارروائی کے دوران خوارج کی پناہ گاہ بھی فضائی حملے میں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو علاقے میں خوارج کی موجودگی اور نقل و حرکت سے متعلق انٹیلیجنس معلومات موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد ان کی سرگرمیوں کی مسلسل فضائی نگرانی کی گئی۔
نگرانی کے دوران جب دونوں خوارج کو ڈرون کی موجودگی کا احساس ہوا تو انہوں نے خود کو بچانے کے لیے ایک درخت کے نیچے پناہ لینے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر فضائی کارروائی کرتے ہوئے دونوں خوارج کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، اسلحہ سے لدی گاڑی تباہ، 4 دہشت گرد ہلاک
کارروائی کے بعد زخمی ہونے والا ایک خارجی جان بچانے کی غرض سے قریبی غار میں پناہ لینے کی کوشش کرنے لگا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے اس کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی اور بروقت نشاندہی کے بعد ایک اور مؤثر فضائی کارروائی کے ذریعے اسے ہلاک کر دیا۔
آپریشن کے اگلے مرحلے میں فورسز نے خوارج کی پناہ گاہ کی بھی نشاندہی کر لی، جسے فضائی کارروائی کے ذریعے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا تاکہ دہشت گرد عناصر کی محفوظ پناہ گاہ کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے، جس کا مقصد کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ اور علاقے کو دہشت گرد عناصر سے پاک بنانا ہے۔





