یومِ عاشور پر سیکیورٹی فورسز کو محسن نقوی کا سلام، قوم کو آپ پر فخر ہے

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے محرم الحرام بالخصوص یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے خدمات انجام دینے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ محرم کے گزشتہ دس روز اور بالخصوص آخری 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فرض کی ادائیگی میں غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، غیر متزلزل عزم اور قابلِ قدر جرات کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہر اس افسر اور اہلکار کو سلام پیش کرتے ہیں جس نے پوری لگن، ثابت قدمی، حوصلے اور فرض شناسی کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں آج یومِ عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے افسران اور اہلکاروں کی غیر معمولی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیاں قابلِ ستائش ہیں۔

Scroll to Top