پاکستان کے راشد ریاض وقار کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایمرجنگ پینل آف امپائرز میں شامل کرلیا گیا۔
50 سالہ راشد ریاض وقار اتوار سے اپنے ٹیسٹ امپائرنگ کیریئر کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ وہ ہرارے میں زمبابوے اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ میں آن فیلڈ امپائر کی حیثیت سے میدان میں اتریں گے۔
اس تقرری کے ساتھ ہی وہ مینز ٹیسٹ کرکٹ میں امپائرنگ کرنے والے پاکستان کے 34ویں امپائر بن جائیں گے جو ان کے طویل امپائرنگ سفر کا ایک اہم سنگ میل ہے۔
راشد ریاض وقار ماضی میں خود بھی فرسٹ کلاس کرکٹر رہ چکے ہیں اور انہوں نے اپنے 12 سالہ کرکٹ کیریئر کے دوران 50 میچز کھیلے۔ امپائرنگ کے شعبے میں آنے کے بعد وہ اب تک 118 مینز اور ویمنز انٹرنیشنل وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آئی سی سی کا پاکستانی ویمنز کرکٹر گل فیروزہ کے خلاف ایکشن
انہوں نے اپنے بین الاقوامی امپائرنگ کیریئر کا آغاز اکتوبر 2018 میں دبئی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ سے کیا تھا۔





