کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر موسمیات کے قریب رینجرز کی اہم تنصیب پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
علاقے میں رینجرز کے انسدادِ دہشت گردی ونگ (CTW) کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ حملہ آج رات 8 بجکر 10 منٹ پر رینجرز کی ٹرانسپورٹ تنصیبات پر کیا گیاجو کہ سیکٹر ہیڈکوارٹرز بھٹائی رینجرز کی حدود میں آتی ہے۔
دہشت گردوں نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت پہلے ایک زوردار دھماکہ کیا جس کے فوراً بعد 3 سے 4 دہشت گرد احاطے کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم وہاں موجود رینجرز کے مستعد اہلکاروں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے پوزیشنز سنبھال لیں اور حملہ آوروں کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔
اب تک کی کارروائی میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے جبکہ اب تک کسی رینجرز اہلکار کے زخمی یا جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
رینجرز کا انسدادِ دہشت گردی ونگ اس وقت موقع پر موجود ہے اور احاطے کو مکمل طور پر کلیئر کرانے کے لیے آپریشن آخری مراحل میں ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
سیکیورٹی خدشات اور جاری آپریشن کے پیشِ نظر پولیس نے موسمیات سے گلستان جوہر بلاک 6، کامران چورنگی اور اقبال چمن کالونی جانے والی تمام سڑکوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا ہے اور شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





