آزاد کشمیر انتخابات، سیاسی جماعتوں نے امیدوار میدان میں اتار دیے

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں فریال تالپور کی زیرِ صدارت 19 رکنی پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس ہوا جس میں آزاد کشمیر اور مہاجرین کے حلقوں سے تعلق رکھنے والے 106 امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق پارلیمانی بورڈ نے امیدواروں کی سیاسی کارکردگی، عوامی مقبولیت اور انتخابی امکانات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اپنی حتمی سفارشات چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ارسال کر دی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ تین اہم حلقوں میں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ ہونے کے باعث حتمی فیصلہ بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تھوراڑ، وسطی باغ اور راج محل کے حلقوں میں پارٹی ٹکٹوں پر سخت مقابلہ ہے، تھوراڑ میں سردار تنویر الیاس کو احمد صغیر سے سخت چیلنج درپیش ہے، جبکہ وسطی باغ میں ضیاء القمر بھی مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں، بھمبر کے ایک حلقے سے کوئی امیدوار پارلیمانی بورڈ کے انٹرویو میں شریک نہیں ہوا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منظوری کے بعد پارٹی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات 2026 میں مضبوط، متحرک اور قابلِ انتخاب امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دیے جائیں گے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے بھی متعدد حلقوں میں اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: راستوں کی بندش سے متعلق بی بی سی کی خبر حقائق کے منافی ہے ،آئی جی آزاد کشمیر

عباسپور سے عبدالقیوم نیازی، مظفرآباد سے خواجہ فاروق، پاچھوٹ سے سردار عاطف، وسطی باغ سے مسعود، شرقی باغ سے طاہر، دھیرکوٹ سے توصیف عباسی، چڑھوئی سے غفارت شاہد، نکیال سے نعیم آرزو، کھوئی رٹہ سے بشیر گورسی، سہنسہ سے رزاق، راج محل سے ملک نثار، ڈڈیال سے غلام ربانی، چکسواری سے ظفر انور، کھڑی سے حمید پوٹھی اور حویلی سے عامر نذیر کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے، جبکہ میرپور شہر کے امیدوار کے نام پر تاحال مشاورت جاری ہے۔

Scroll to Top