پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی قیادت نے خیبر پختونخوا کے ناراض اراکین صوبائی اسمبلی کو صوبائی بجٹ کی حمایت اور اجلاس میں شرکت کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں بیرسٹر بیرسٹر گوہر علی خان کی دعوت پر پارٹی کے ناراض اراکین کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بانی چیئرمین کی رہائی سے متعلق حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں پارٹی رہنما جنید خان اور قومی اسمبلی کے چیف وہیپ عامر ڈوگر بھی شریک ہوئے، جبکہ ناراض اراکین صوبائی اسمبلی مشتاق غنی، محمد ادریس، سجاد بارکوال، سید قاسم شاہ، محمد نعیم اور عبد المنعم نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی قیادت نے تمام ناراض اراکین کو ہدایت کی کہ وہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے جاری بجٹ اجلاس میں شرکت کریں اور صوبائی بجٹ کی حمایت کریں۔
اجلاس کے دوران لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں کو دی جانے والی سزاؤں پر افسوس کا اظہار کیا گیا، جبکہ بانی چیئرمین کی رہائی سے متعلق تحریک کے آئندہ لائحہ عمل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ بجٹ سیشن کے بعد اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں محمود خان اچکزئی، علامہ ناصر عباس اور پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت شریک ہوگی۔
اس اجلاس میں بانی چیئرمین کی رہائی کے لیے آئندہ کی حکمت عملی اور سیاسی لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال اور پارٹی اندرونی معاملات میں اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔





