گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین یکم جولائی کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائینگے۔ حلف برداری کی باقاعدہ تقریب وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ چنار باغ میں منعقد کی جائیگی۔
نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین کے مطابق تقریب میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی شرکت متوقع ہے، جو خصوصی طور پر حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزراء کو بھی اس اہم تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ تقریب کو پُرامن اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
سیاسی حلقوں کے مطابق نئے وزیراعلیٰ کی حلف برداری کے بعد گلگت بلتستان میں نئی حکومت کی تشکیل کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہو جائے گا، جس سے خطے میں سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔





