انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق ناٹنگھم میں نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ ان کے شاندار بین الاقوامی کیریئر کا آخری میچ ہوگا۔
ای سی بی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بین اسٹوکس نے کھیل کے آغاز سے قبل اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا۔ اس سے قبل ٹرینٹ برج میں تیسرے ٹیسٹ سے پہلے ہونے والی پریس کانفرنس میں انہوں نے اس امکان کو مسترد نہیں کیا تھا کہ یہ ان کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ ہو سکتا ہے۔
بین اسٹوکس کا 15 برس پر محیط بین الاقوامی کرکٹ کیریئر اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے، جبکہ وہ گزشتہ چار برس سے انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی کر رہے تھے۔ انہوں نے اپریل 2022 میں ٹیسٹ کپتانی سنبھالی اور اپنی جارحانہ قیادت کے باعث انگلینڈ کرکٹ میں ایک نئے انداز کو فروغ دیا۔
بین اسٹوکس نے انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 2011 میں کھیلا، جبکہ دسمبر 2013 میں آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں ایشز سیریز کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھا۔
اعداد و شمار کے مطابق انہوں نے 121 ٹیسٹ میچوں میں 7 ہزار 228 رنز اسکور کیے اور 246 وکٹیں حاصل کیں۔ ون ڈے کرکٹ میں 114 میچز کھیلتے ہوئے 3 ہزار 463 رنز بنائے اور 74 وکٹیں اپنے نام کیں، جبکہ 43 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 585 رنز بنانے کے ساتھ 26 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈ کپ، ایران ٹورنامنٹ سے باہر، 52 سال بعد کانگو کی تاریخی انٹری
بین اسٹوکس کی ریٹائرمنٹ کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وہ حالیہ دنوں ایک تنازع کا بھی سامنا کر چکے تھے۔ لارڈز ٹیسٹ میں فتح کے بعد چیلسی کے ایک نائٹ کلب میں ہونے والی جشن کی تقریب سے متعلق جاری تحقیقات کے باعث وہ دی اوول میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور کرکٹ ریگولیٹر کی تحقیقات مکمل ہونے پر بین اسٹوکس کو تحریری وارننگ جاری کی گئی، تاہم انہیں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا مزید ضابطہ خلاف ورزی سے بری قرار دیا گیا۔ اس کے باوجود انہیں اس معاملے پر سخت عوامی اور میڈیا تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔





