وینزویلا میں پانچ روز قبل آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد جانی نقصان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جہاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 1719 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ہزاروں افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
وینزویلا کی قومی اسمبلی کے صدر خورخے روڈریگز کے مطابق زلزلے میں اب تک 1719 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 5034 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں بڑی تعداد میں افراد اب بھی لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے دن رات سرگرم ہیں۔ امدادی اہلکاروں نے گزشتہ روز بھی دو بچوں سمیت مزید چار افراد کو زندہ نکال لیا، جس کے بعد ملبے سے زندہ ملنے والے افراد کی مجموعی تعداد 33 ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق متاثرہ علاقوں میں سینکڑوں بین الاقوامی امدادی کارکن اور مقامی فوجی دستے امدادی و بحالی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک کے مختلف اضلاع کے سیوریج نمونوں میں ایک بار پھر پولیو وائرس کی تصدیق
دوسری جانب یورپی یونین نے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے 50 لاکھ ڈالر سے زائد کی ہنگامی مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ادھر یونیسیف کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث تقریباً 18 لاکھ افراد انسانی امداد کے منتظر ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں خوراک، صاف پانی، طبی سہولیات اور عارضی رہائش کی اشد ضرورت ہے۔





