افغان طالبان حکومت کی جانب سے بلوچستان میں سرحد پار ڈرون دراندازی، پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی، ڈرون مار گرائے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ افغان طالبان حکومت نے 30 جون کو بلوچستان میں سرحد پار چار ابتدائی نوعیت کے ڈرون بھیجے، جنہیں پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے بروقت نشاندہی کرتے ہوئے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کا فضائی دفاعی نیٹ ورک مکمل طور پر متحرک رہا اور سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ آپریشنل تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاروں ڈرون جدید دفاعی اقدامات کے ذریعے مار گرائے، جس کے باعث سرحد پار کی جانے والی کارروائی کو مؤثر انداز میں ناکام بنا دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ افغان طالبان حکومت کی جانب سے یہ اقدام ان دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کے تسلسل کا حصہ ہے جو افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایسے اقدامات کا مقصد افغان عوام کو گمراہ کرنا اور داخلی مسائل سے توجہ ہٹانا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے افغان طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں کی سرپرستی ترک کرے، خطے میں پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جو کشیدگی میں اضافے کا باعث بنیں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: حسن خیل میں ریاست کے حامی شہریوں پر خوارج کا ڈرون حملہ، 6 عام شہری زخمی

آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ اگر افغان طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی یا سرحد پار کسی بھی قسم کی مہم جوئی جاری رہی تو اس کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا، جس کے نتائج انہیں بھگتنا ہوں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر چوکس ہیں اور وطن عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

پاکستان کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے یا شہریوں کے لیے خطرہ بننے والی ہر سرحد پار کارروائی کا آپریشن “غضبُ الحق” کے تحت فوری، فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جاتا رہے گا۔

Scroll to Top