بلوچستان میں 81 خالی بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری

کوئٹہ: الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں خالی ہونے والی 81 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ صوبے کے 20 اضلاع میں ہونے والے ان انتخابات کے لیے پولنگ 9 اگست 2026 کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار یکم جولائی سے 3 جولائی تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 6 سے 8 جولائی تک کی جائے گی۔

شیڈول کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست 9 جولائی کو جاری کی جائے گی، جبکہ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 10 سے 13 جولائی تک دائر کی جا سکیں گی۔ ان اپیلوں پر فیصلے 16 جولائی تک سنائے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 17 جولائی کو جاری ہوگی، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست اور انتخابی نشانات 20 جولائی کو الاٹ کیے جائیں گے، جس کے بعد انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈ کپ: فرانس نے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لی

الیکشن کمیشن نے انتخابی عملے کو تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

81 خالی بلدیاتی نشستوں پر ہونے والے ان ضمنی انتخابات کے ذریعے نئے عوامی نمائندوں کا انتخاب کیا جائے گا، جس کے بعد متعلقہ بلدیاتی اداروں کی کارکردگی اور فعالیت مزید مؤثر ہونے کی توقع ہے۔

Scroll to Top