پشاور بی آر ٹی میں 52 نئی بسیں شامل، خواتین کے لیے پنک بس سروس بھی شروع ہوگی

پشاور: پشاور بی آر ٹی منصوبے کے لیے خریدی گئی 52 نئی بسیں پاکستان روانگی کے لیے تیار ہیں۔ نئی بسوں کی شمولیت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایات پر شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور بی آر ٹی فلیٹ میں اضافے کے لیے کی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق نئی بسوں کی آمد کے بعد بی آر ٹی کے فلیٹ میں بسوں کی مجموعی تعداد 296 ہو جائے گی۔ ان میں سے 25 بسوں کی پہلی کھیپ جولائی کے آغاز میں پاکستان پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ باقی بسیں بعد ازاں مرحلہ وار پہنچیں گی۔

ٹرانس پشاور کے مطابق نئی بسیں بی آر ٹی کے مرکزی کوریڈور اور مختلف فیڈر روٹس پر چلائی جائیں گی، جس سے سروس کی استعداد میں اضافہ، مسافروں کے انتظار کے وقت میں کمی اور بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

ادارے نے خواتین مسافروں کے لیے خصوصی پنک بس سروس شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس سروس کے تحت مخصوص بسیں صرف خواتین کے لیے مختص ہوں گی تاکہ انہیں بالخصوص رش کے اوقات میں محفوظ، آرام دہ اور بہتر سفری سہولت میسر آ سکے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں 81 خالی بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری

ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ نئے روٹس کے اجراء پر بھی کام جاری ہے تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور قابلِ اعتماد پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت مزید وسیع پیمانے پر فراہم کی جا سکے۔

ٹرانس پشاور کے مطابق نئی بسوں کی شمولیت ادارے کے اس عزم کا اظہار ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز، سیکریٹری ٹرانسپورٹ محمد زبیر اور منیجنگ ڈائریکٹر KPUMA افتخار خان کی رہنمائی میں پشاور کے شہریوں کو جدید، معیاری اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔

Scroll to Top