کاشف عزیز
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
محکمہ زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے کا مرکز افغانستان کا خطہ ہندوکش تھا جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 174 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق صوبائی دارلحکومت پشاورسمیت مردان، بونیر، کرم، چارسدہ، سوات اور باجوڑ سمیت گرد و نواح کے علاقوں میںزلزکے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق صوبے کے کسی بھی حصے سے اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہےتاہم مقامی انتظامیہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔
ریسکیو1122خیبر پختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا مدد کے لیے فوری طور پر ٹال فری نمبر 1122 پر رابطہ کریں۔





