خیبر پختونخوا میں تیز بارشوں اور سیلاب سے تباہی، 6 افراد جاں بحق اور19 زخمی

خیبر پختونخوا میں تیز بارشوں اور سیلاب سے تباہی، 6 افراد جاں بحق اور19 زخمی

خیبر پختونخوا میں حالیہ تیز بارشوں، آندھی اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں چھ افراد جاں بحق جبکہ انیس افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے، جن میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔

مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں میں دو مرد، تین بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں سات مرد، ایک خاتون اور گیارہ بچے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث صوبے میں مجموعی طور پر اڑتیس گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے چھتیس گھروں کو جزوی نقصان ہوا جبکہ دو گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔

یہ افسوسناک حادثات صوبے کے مختلف اضلاع خیبر، دیر لوئر، دیر اپر، مردان، شانگلہ، باجوڑ اور چترال لوئر میں پیش آئے جہاں امدادی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

پی ڈی ایم اے، ریسکیو الیون ٹو ٹو اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ ادارے آپس میں قریبی رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر امدادی سامان اور معاونت فراہم کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موجودہ موسمی صورتحال میں بلاوجہ سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر چوبیس گھنٹے مکمل طور پر فعال ہے، اور شہری کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع یا معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن سترہ سو پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top