تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ایران روانہ ہو گئے۔
چیئرمین سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی دعوت پر تہران کا دورہ کر رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی موجود ہیں۔
بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے ایرانی پارلیمان، حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا انتقال ایران، پاکستان اور پوری امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم نقصان ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی کے مطابق مرحوم غیر معمولی بصیرت، دانشمندی اور قائدانہ صلاحیتوں کے حامل رہنما تھے، جبکہ پاکستان نے ان کی وفات سے ایک مخلص دوست کھو دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ: دفعہ 144 کے باوجود غیر قانونی گولڈ مائننگ جاری، اہم دعوے سامنے آگئے
انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی صورت میں ایک دور اندیش قائد سے محروم ہو گئی، جن کی قیادت اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور ایرانی عوام کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات باہمی احترام، دوستی اور مشترکہ اسلامی اقدار پر استوار ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان یہ مضبوط رشتہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ قائم رہے گا۔





