میری کامیابی دراصل مشال خان کی کامیابی ہے، اچھے لوگ کبھی مرتے نہیں، صبا اقبال

مرحوم مشال خان کی بہن صبا اقبال نے کہا ہے کہ ان کی کامیابی دراصل ان کے بھائی مشال خان ہی کی کامیابی ہے کیونکہ اچھے اور نظریاتی لوگ کبھی مرا نہیں کرتے۔

پختون ڈیجیٹل کے پوڈ کاسٹ میں اپنے تعلیمی سفر اور خاندانی پس منظر پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا خاندان ہمیشہ سے تعلیم کو اولین ترجیح دیتا آیا ہے اور ان کے والدین نے معاشرتی روایات کے برعکس بیٹے اور بیٹی میں کبھی کوئی فرق نہیں کیا۔

صبا اقبال کا کہنا تھا کہ ان کے والد نے پدری تسلط (Patriarchy) پر مبنی معاشرتی سوچ کے خلاف علم بلند کیا اور بیٹیوں کو آگے بڑھنے کے برابر مواقع فراہم کیے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین نے بیٹیوں کی تعلیم کے لیے بے پناہ جدوجہد کی اور ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑی ہو کر اپنے خاندان کا نام روشن کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے والدین ہی کی دی ہوئی ہمت ہے جس کی بدولت وہ آج اس مقام پر پہنچی ہیں۔

انہوں نے جذباتی انداز میں اپنے بھائی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مشال خان اب محض ایک انسان یا فرد کا نام نہیں رہا، بلکہ وہ ایک پختہ سوچ، فکر اور نظریے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

صبا اقبال نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان جیسے تمام لوگ جو علم اور حق کی بات کرتے ہیں، وہ سب مشال ہیں، اور ان کے بھائی کا مشن ہمیشہ زندہ رہے گا۔

Scroll to Top