اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے 18 سال سے کم عمر بچوں کے جووینائل کارڈ کے حصول کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔
نادرا کے مطابق والدین یا قانونی سرپرست نادرا رجسٹریشن سینٹرز سے مقررہ طریقہ کار کے تحت بچوں کا جووینائل کارڈ بنوا سکتے ہیں۔
نادرا کی ہدایات کے مطابق درخواست کے آغاز میں والد، والدہ یا سرپرست کو ٹوکن فیس جمع کروا کر ٹوکن حاصل کرنا ہوگا۔
اس کے بعد بچے کی تصویر، انگلیوں کے نشانات اور دیگر ضروری معلومات حاصل کی جائیں گی، جبکہ والدین یا سرپرست کی تصدیق کے بعد ڈیٹا انٹری مکمل کی جائے گی۔
طریقہ کار کے مطابق اپروول آفیسر سے انگلیوں کے نشانات کی تصدیق کے بعد آن لائن فیس جمع کرائی جائے گی، جبکہ مقررہ مدت پوری ہونے پر درخواست گزار جووینائل کارڈ وصول کر سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں : آخری لمحے کے گول نے رونالڈو کا عالمی کپ جیتنے کا خواب چھین لیا
نادرا نے واضح کیا ہے کہ جووینائل کارڈ کی درخواست صرف والد، والدہ یا قانونی سرپرست کی موجودگی میں جمع کرائی جا سکتی ہے، جبکہ یونین کونسل یا میونسپل کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بچے کا کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ بھی لازمی دستاویزات میں شامل ہے۔
نادرا کے مطابق جووینائل کارڈ کی نارمل فیس 750 روپے مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت کارڈ 31 دن میں جاری کیا جائے گا۔
ارجنٹ سروس کی فیس 1500 روپے ہے، جس میں کارڈ 23 دن میں فراہم کیا جائے گا، جبکہ ایگزیکٹو سروس کے لیے 2500 روپے فیس مقرر کی گئی ہے اور اس کے تحت کارڈ 9 دن میں حاصل کیا جا سکے گا۔





