آخری لمحے کے گول نے رونالڈو کا عالمی کپ جیتنے کا خواب چھین لیا

ڈیلاس: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ پرتگال کا ایونٹ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔

امریکا کے شہر ڈیلاس میں کھیلے گئے ناک آؤٹ مرحلے کے اہم میچ میں دونوں ٹیموں نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔

اسپین نے زیادہ تر وقت گیند پر کنٹرول برقرار رکھتے ہوئے کئی حملے کیے، تاہم پرتگال کے دفاع اور گول کیپر نے انہیں کامیابی حاصل نہ کرنے دی۔

دوسری جانب پرتگال نے بھی جوابی حملوں کے ذریعے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی، لیکن مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔

میچ کا فیصلہ کن لمحہ اضافی وقت میں آیا، جب 90+1 ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی میکیل میرینو نے شاندار گول کر کے اسپین کو برتری دلا دی۔

اس گول کے بعد پرتگال نے برابری کے لیے بھرپور کوشش کی، تاہم اسپین کے مضبوط دفاع نے تمام حملے ناکام بنا دیے اور یوں مقابلہ 0-1 سے اسپین کے نام رہا۔

یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈ کپ میں بڑا اپ سیٹ، ناروے نے برازیل کو شکست دے دی

اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ امریکا اور بیلجیئم کے درمیان ہونے والے پری کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

دوسری جانب اس شکست کے ساتھ پرتگال ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا، جبکہ تجربہ کار کپتان کرسٹیانو رونالڈو کا عالمی کپ جیتنے کا خواب بھی ادھورا رہ گیا۔

رونالڈو نے میچ میں اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم اسپین کے منظم دفاع کے سامنے وہ فیصلہ کن کردار ادا نہ کر سکے۔

Scroll to Top