وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اوپن وائی فائی منصوبے کا افتتاح کردیا

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے صوبے بھر کے شہریوں کو ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے لیے خیبر پختونخوا اوپن وائی فائی منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر صوبائی دارالحکومت پشاور کے تمام اہم سرکاری مقامات، ہسپتالوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے مراکز پر عوام کو مفت وائی فائی کی سہولت میسر ہو گی۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر صوبے کی تمام سرکاری جامعات اور کالجوں میں بھی مفت وائی فائی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

منصوبے کی تفصیلات کے مطابق پشاور میں کامیاب آغاز کے بعد اگلے مرحلے میں اس منصوبے کا دائرہ کار ایبٹ آباد، مردان، سوات، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز تک بڑھایا جائے گا۔

افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی محمد سہیل خان آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے مطابق ڈیجیٹل سہولیات ہر شہری کی دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا 70 سے 80 فیصد تک ڈیجیٹل گورننس کی جانب پیش رفت کر چکا ہے اور حکومت تمام سرکاری خدمات کو مرحلہ وار پیپر لیس بنا رہی ہے۔

انٹرنیٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں انٹرنیٹ نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے اور نوجوانوں کو یہ معاشی مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے نوجوانوں میں ای کامرس کی جانب بڑھتے ہوئے رجحان کو خوش آئند قرار دیا۔ اس دوران انہوں نے وفاقی سطح پر انٹرنیٹ پر پابندیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کو محدود کرنے کے لیے انٹرنیٹ سست کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ بدقسمتی سے صرف پی ٹی آئی کا راستہ روکنے کے لیے انٹرنیٹ بند یا سست کر دیا جاتا ہے، جس کا براہ راست نقصان ملک کے نوجوانوں اور ان کے کاروبار کو ہوتا ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلط حکومت خود تو نوجوانوں کے لیے کچھ نہیں کر رہی لیکن کم از کم انہیں اپنے طور پر کام کرنے کی اجازت تو دے۔

Scroll to Top