اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے گرین پلیٹ آویزاں دکانوں پر ان لینڈ ریونیو افسران کے چھاپوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایف بی آر نے خصوصی ٹیکس اسکیم کے تحت طریقہ کار کا مسودہ بھی جاری کر دیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق جو دکاندار خصوصی اسکیم میں شامل ہوں گے اور اپنی دکان پر گرین پلیٹ آویزاں کریں گے، ان کی دکان میں ان لینڈ ریونیو افسر داخل نہیں ہو سکے گا۔ گرین پلیٹ پر کیو آر کوڈ، نیشنل ٹیکس نمبر (این ٹی این)، دکاندار کا نام اور دکان کا مکمل پتہ درج ہوگا۔
نئے طریقہ کار کے تحت دکاندار آئی ریس (IRIS) پورٹل یا موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے آسانی سے اپنا ٹیکس ریٹرن جمع کرا سکیں گے، جبکہ ریٹرن فارم اردو سمیت دیگر علاقائی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ دکاندار اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ایف بی آر کے مطابق خصوصی اسکیم کے تحت دکانداروں کے مجموعی کاروباری حجم پر ایک فیصد ٹیکس لاگو ہوگا۔ تاہم اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس جمع کرانا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا نے ایران پر نئے حملے شروع کر دیے، مختلف شہروں میں دھماکوں کی آوازیں
اسکیم سے وہ دکاندار مستفید ہو سکیں گے جن کا سالانہ کاروباری حجم 20 کروڑ روپے تک ہو۔ تاہم ایک سے زائد دکانوں کے مالکان، ٹیئر ون ریٹیلرز، جیولرز، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلا اور دیگر پیشہ ور افراد کو اس خصوصی اسکیم سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ خصوصی اسکیم میں شمولیت مکمل طور پر اختیاری ہوگی۔ دکاندار اگر چاہیں تو اس اسکیم میں شامل ہونے کے بجائے پہلے کی طرح روایتی ٹیکس ریٹرن بھی جمع کرا سکتے ہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بنانا، رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کی حوصلہ افزائی کرنا اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ہے۔





