قد صرف 2 فٹ، مگر خواب آسمان سے بلند! میانوالی کا باہمت طالبعلم ایف ایس سی کے بعد اعلیٰ تعلیم کیلئے پرعزم

قد صرف 2 فٹ، مگر خواب آسمان سے بلند! میانوالی کا باہمت طالبعلم ایف ایس سی کے بعد اعلیٰ تعلیم کیلئے پرعزم

میانوالی کے علاقے داؤدخیل سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ سجاول عباس نے ثابت کر دیا ہے کہ کامیابی کے لیے قد نہیں بلکہ عزم اور محنت ضروری ہوتی ہے۔

سجاول عباس کا قد اگرچہ صرف 2 فٹ ہے، لیکن تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ بہت بلند ہے۔ جسمانی مشکلات کے باوجود اس باہمت طالب علم نے اپنی تعلیم کا سفر جاری رکھا اور میٹرک کے امتحان میں 900 نمبر حاصل کرنے کے بعد اب ایف ایس سی بھی کامیابی سے مکمل کرلی ہے۔

سجاول عباس اب مزید اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہے، تاہم مالی مشکلات اس کے راستے میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ اس نے کبھی اپنے قد یا جسمانی کمزوری کو اپنی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں سمجھا۔

سجاول کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے خاندان میں ان کے بیٹے کے علاوہ کسی نے تعلیم حاصل نہیں کی۔ وہ بھیڑ بکریاں چرا کر گھر کے اخراجات پورے کرتے ہیں، ایسے حالات میں بیٹے کے مزید تعلیمی اخراجات برداشت کرنا ان کے لیے مشکل ہے۔

سجاول عباس نے حکومتِ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ اسے مزید تعلیم جاری رکھنے میں مدد فراہم کی جائے تاکہ وہ نہ صرف اپنے والدین کا سہارا بن سکے بلکہ معاشرے میں ایک باوقار مقام حاصل کر سکے۔

سجاول عباس کی کہانی اس بات کا پیغام دیتی ہے کہ بڑے خواب دیکھنے والوں کے لیے مشکلات کبھی آخری منزل نہیں ہوتیں۔

Scroll to Top