پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک کی سروس ڈاؤن، لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک کی سروس ڈاؤن، لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک صارفین کو اچانک مشکلات کا سامنا، سروس میں خلل کے باعث ہزاروں شکایات سامنے آگئیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کی سروس اچانک متاثر ہونے سے لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متعدد صارفین فیس بک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل نہ کر سکے، جبکہ ڈیسک ٹاپ اور موبائل ورژن پر بھی مختلف نوعیت کے مسائل رپورٹ ہوئے۔

سروس میں تعطل پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق دنیا بھر سے فیس بک کی سروس میں خرابی کی ہزاروں شکایات موصول ہوئیں۔ ادارے نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ مختلف ممالک کے صارفین فیس بک کے استعمال میں مسائل کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے اعداد و شمار کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً 10 بج کر 39 منٹ پر شکایات میں اچانک غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جب چند ہی لمحوں میں رپورٹ ہونے والی شکایات کی تعداد 5 سے بڑھ کر 3 ہزار 555 تک پہنچ گئی۔

رپورٹس کے مطابق کئی صارفین کے لیے فیس بک کا ڈیسک ٹاپ ورژن بھی دستیاب نہیں تھا، جبکہ متعدد افراد کو لاگ اِن کے دوران یہ پیغام موصول ہوا کہ “آپ کا اکاؤنٹ عارضی طور پر دستیاب نہیں ہے، سائٹ میں خرابی کی وجہ سے فی الحال رسائی ممکن نہیں، براہِ کرم چند منٹ بعد دوبارہ کوشش کریں۔”

فیس بک کی جانب سے فوری طور پر سروس میں تعطل کی وجوہات یا اس کے دورانیے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم صارفین کو امید ہے کہ تکنیکی خرابی جلد دور کر کے سروس مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔

Scroll to Top