لاہور، ڈیفنس اے کے علاقے میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی گاڑی کے قریب ہوائی فائرنگ کرنے والے نوجوان کو پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی اتھارٹی کی مدد سے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات اس وقت پیش آیا جب کار سوار نوجوان نے وفاقی وزیر اطلاعات کی گاڑی کو اوورٹیک کیا اور فائرنگ کر دی۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے زیر استعمال گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں مختصر وقت میں ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اہل خانہ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے کہ ایک گاڑی نے بائیں جانب سے ان کی گاڑی کو کراس کیا، جس کے بعد کار سوار نوجوان نے پانچ فائر کیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد انہوں نے مشتبہ گاڑی کا تعاقب کیا اور قریب موجود پولیس ناکے کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔





