فاٹا اور ملاکنڈ ڈویژن میں وفاقی حکومت کی جانب سے نافذ کیے گئے نئے ٹیکسز اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف باجوڑ کی تاجر برادری نے ملاکنڈ ڈویژن کی کال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے 21 جولائی کو ضلع بھر میں پہیہ جام اور مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
باجوڑ تاجر برادری کے تمام صدور کا ایک اہم اور مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 21 جولائی کو ضلع بھر کے تمام چھوٹے اور بڑے تجارتی مراکز، بازار اور دکانیں مکمل طور پر بند رکھی جائیں گی۔
اجلاس میں شریک تمام رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری تاجر برادری اس فیصلے پر متحد ہے اور ہڑتال کو تاریخی طور پر کامیاب بنانے کے لیے اپنا بھرپور آئینی کردار ادا کرے گی۔
خار بازار تاجر برادری کے صدر واجد علی اور جنرل سیکرٹری سجاد کاروان نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ احتجاج وفاقی حکومت کی جانب سے عائد کیے گئے ظالمانہ ٹیکسز، روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غریب عوام پر ڈالے گئے شدید معاشی بوجھ کے خلاف ہے، انہوں نے واضح کیا کہ تاجر اور عوام اب مزید کسی ٹیکس کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
تاجر رہنماؤں نے ضلع بھر کے تمام دکانداروں، کاروباری شخصیات اور تاجر برادری سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ 21 جولائی کو اپنی دکانیں اور کاروبار مکمل طور پر بند رکھ کر بے مثال اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس پرامن احتجاج کے ذریعے حکومت تک تاجروں اور عوام کا مشترکہ، مضبوط اور مؤثر مؤقف پہنچایا جا سکے گا تاکہ حکومت اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے پر مجبور ہو۔





