خیبرپختونخوا میں تیز بارشیں اور سیلاب سےحادثات میں 6 افراد جاں بحق، 2 زخمی

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی تیز بارشوں اور فلش فلڈ (اچانک سیلاب) کے باعث حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں میں 3 مرد اور 3 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہے۔ یہ حادثات صوبے کے مختلف اضلاع خیبر، مردان، مانسہرہ اور کرم میں پیش آئے۔

تیز بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے صوبے میں مجموعی طور پر 3 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں سے 2 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 1 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔ تاہم، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس وقت صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ الرٹ ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ امدادی کاموں کو تیز کرتے ہوئے متاثرین کو فوری معاونت اور امدادی سامان فراہم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : شانگلہ: مسافر وین کھائی میں گرنے سے 10 افراد زخمی ہوگئے

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اداراتی ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موجودہ موسمی صورتحال میں بلاوجہ سفر اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے گریز کریں، اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع یا معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

Scroll to Top