فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کی تاریخی فتح کا جشن ماتم میں تبدیل ہو گیا ہے۔ جشن منانے کے دوران ایک تاریخی فوارے کا حصہ گرنے سے 13 سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ اسپین کے مغربی صوبے سالامانکا کے تاریخی شہر سیوداد روڈریگو میں پیش آیا۔ جہاں اسپین کی جیت کی خوشی میں سیکڑوں مداح شہر کے مرکزی آربول گورڈو فوارے کے گرد جمع تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بڑی تعداد میں لوگ فوارے پر چڑھ گئے تھےجس کے باعث اس کا بالائی حصہ وزن برداشت نہ کر سکا اور اچانک ٹوٹ کر نیچے آ گرا۔ ملبے تلے دبنے سے 13 سالہ لڑکا موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہوا۔
بلدیہ سیوداد روڈریگو نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچے کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو لمحہ قومی ٹیم کی ورلڈ کپ فتح کی خوشی کا تھا وہ ایک بڑے المیے میں بدل گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسپین نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، 16 سال بعد عالمی چیمپئن بن گیا
واضح رہے کہ اسپین نے نیویارک کے نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ارجنٹینا کو اضافی وقت میں 0-1 سے شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔





