فتنہ الخوارج کا سہولت کار خود ساختہ مولوی ظفریاب گرفتار ،سنسنی خیز انکشافات، دہشتگردی کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب

فتنہ الخوارج کا سہولت کار خود ساختہ مولوی ظفریاب گرفتار ،سنسنی خیز انکشافات، دہشتگردی کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی میں گرفتار خارجی سہولت کار کے انکشافات کے بعد دہشتگردی کے لیے سہولت کاری، بھتہ خوری اور مذہب کی آڑ میں فتووں کے استعمال سے متعلق اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق گرفتار خود ساختہ مولوی ظفریاب فتنۃ الخوارج کی سہولت کاری میں ملوث رہا ہے ۔

گرفتار خودساختہ مولوی ظفر یاب نے بتایا کہ اس نے درس نظامی کی تعلیم جامع نظام العلوم بنوں اور تخصص فی الفقہ المرکز اسلامی غوریوالہ سے حاصل کی۔ تفتیش کے دوران اس نے خارجی کمانڈر حکمت روشان کے ساتھ تعلق اور گل بہادر شوریٰ سے وابستگی کا بھی ذکر کیا۔

ملزم کے مطابق دہشتگرد عناصر جہاد کے نام پر بھتہ خوری اور سرمایہ داروں کو دھمکانے کے لیے فتووں کا سہارا لیتے تھے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ فتنۃ الخوارج کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور ایسے عناصر اپنے مقاصد کے لیے مذہب کا غلط استعمال کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق دہشتگرد گروہ اپنے نیٹ ورک کو مضبوط کرنے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کرتے ہیں، جن میں غیر قانونی سرگرمیوں اور انتہا پسندانہ نظریات کی ترویج شامل ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر قانونی اداروں کی نگرانی، شفاف جانچ پڑتال اور قانون پر مؤثر عملدرآمد شدت پسندی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے۔

حکام کے مطابق دہشتگردی اور اس کی معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top