وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے سکائی 47 ڈیٹا سینٹر قراقرم ون کا افتتاح کر دیا۔
اسلام آبادمیں سکائی 47 ڈیٹا سینٹر ’قراقرم ون‘ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں کو منصوبے کی مختلف تکنیکی خصوصیات اور استعداد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ قراقرم ون ڈیٹا سینٹر کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ اور جدید ڈیجیٹل خدمات کے فروغ کے لیے ایک مضبوط انفراسٹرکچر فراہم کرے گا۔یہ منصوبہ مصنوعی ذہانت (AI)، مشین لرننگ (ML) اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جب کہ حساس قومی اور تجارتی معلومات کو محفوظ رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جدید ترین ڈیٹا سینٹر انتہائی متاثرکن اور قابلِ تحسین منصوبہ ہے جسے دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سکائی 47 جیسے منصوبے پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہیں اور مسلسل محنت ہی ایسے عظیم منصوبوں کو حقیقت کا روپ دیتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آج ہی جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے عامر رضا کون ہیں؟
شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت اور منصوبے کے شراکت دار زیڈ ٹی ای (ZTE) کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکلات اور چیلنجز کا امید اور حوصلے سے مقابلہ کیا جائے تو ’معرکۂ حق‘ جیسے تاریخی کارنامے جنم لیتے ہیں۔





