افغانستان نے 2027ء کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کےلیے کوالیفائی کر لیا

افغانستان کرکٹ ٹیم نے 2027ء کے آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے باضابطہ طور پر براہِ راست کوالیفائی کر لیا ہے۔

آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان بریڈی میں کھیلا جانے والا تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کوئی گیند پھینکے منسوخ ہو گیا۔ میچ کے بے نتیجہ ختم ہونے کے ساتھ ہی افغانستان نے رینکنگ پوائنٹس کی بنیاد پر ورلڈ کپ میں اپنی جگہ پکی کر لی جبکہ آئرلینڈ کی براہِ راست رسائی کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں۔

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 12ویں نمبر پر موجود آئرلینڈ کو کوالیفائی کرنے کے لیے یہ سیریز 0-3 سے جیتنا اور دیگر ٹیموں کے نتائج موافق ہونا ضروری تھا۔ آئرلینڈ کو اب عالمی کوالیفائر ٹورنامنٹ کے ذریعے ایونٹ میں جگہ بنانے کی کوشش کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ 2027ء کا ورلڈ کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوگا جس میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : بابر اعظم نے عمران خان اور وسیم اکرم کا اہم اعزاز برابر کر دیا

میزبان جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے علاوہ بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور اب افغانستان بھی اس میگا ایونٹ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کر چکے ہیںجبکہ تیسرے میزبان ملک نمیبیا کو کوالیفائنگ مرحلے سے گزرنا ہوگا۔

Scroll to Top