لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل چیمپئنز کپ کے شیڈول اور ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان کر دیا، جس کے ساتھ ڈومیسٹک سیزن 27-2026 اور آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز ہوگا۔
ون ڈے فارمیٹ پر مشتمل نیشنل چیمپئنز کپ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس میں فائنل سمیت مجموعی طور پر 7 میچز ہوں گے۔ ڈے نائٹ میچز دوپہر 3 بجے شروع ہوں گے۔
نیشنل سلیکشن کمیٹی نے ٹورنامنٹ کے لیے 11، 11 کھلاڑیوں پر مشتمل چار اسکواڈز تشکیل دیے ہیں، جبکہ 13 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ٹیمیں انجری یا کنکشن کی صورت میں ریزرو کھلاڑیوں کو شامل کر سکیں گی۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان گولڈ، پاکستان وائٹس اور پاکستان بلیوز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پی سی بی کے مطابق شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کو چاروں ٹیموں کی قیادت سونپی گئی ہے، جبکہ اعجاز جونیئر، مصباح الحق، اقبال امام اور اعزاز چیمہ کو ہیڈ کوچز مقرر کیا گیا ہے۔

شاداب خان کی قیادت میں ٹیم میں فخر زمان، محمد حسنین، سلمان مرزا، نسیم شاہ اور سمیر منہاس سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : محمد عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں سابق کپتان عمران خان کو پیچھے چھوڑ دیا
شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں عبدالصمد، حیدر علی، معاذ صداقت اور محمد نواز شامل ہیں، جبکہ صاحبزادہ فرحان کی ٹیم میں عرفات منہاس، حسن علی، شامل حسین، سفیان مقیم اور حسین طلعت کو شامل کیا گیا ہے۔
صائم ایوب کی قیادت میں ٹیم میں علی رضا، حارث رؤف، حسن نواز، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر اور عثمان خان شامل ہوں گے۔
اس حوالے سے پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کا مقصد کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ عالمی مقابلوں کے لیے اپنی تیاری بہتر بنا سکیں۔
سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ون ڈے کرکٹ میں اپنے مخصوص کردار کے مطابق کھیلنے کے مواقع دیے جائیں گے، جس سے مستقبل کی تیاری میں مدد ملے گی۔





