امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، عطا تارڑ

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں پرامن اور شفاف انتخابات منعقد ہوئے، کشمیر کے عوام نے الیکشن کی کال پر بھرپور انداز میں لبیک کہا، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو پرامن اور شفاف انتخابات ہضم نہیں ہوئے جس پر اس نے کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی، اس پرتشدد جتھے کو کشمیر کی ترقی، امن اور کشمیر کا پاکستان سے نہ ٹوٹنے والا رشتہ قبول نہیں، یہ عناصر کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں جس میں ناکامی ان کا مقدر ہوگی۔

منگل کو یہاں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ راولاکوٹ آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابی عمل میں مرکزی دھارے کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے حصہ لیا، کشمیری عوام نے الیکشن کی کال پر بھرپور انداز میں لبیک کہا، میرپور ڈویژن میں چھ لاکھ ووٹ کاسٹ ہوئے جو بہت بڑی کامیابی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کا بڑا کریک ڈاؤن، 3500 سے زائد شہری زیر حراست

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے بڑے بڑے جلسے کئے اور انتخابی عمل کے تمام تقاضے جن میں گھر گھر رابطہ مہم، کارنر میٹنگز، جلسے، انتخابی دفاتر کا قیام اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں، بھرپور انداز میں دیکھنے میں آئیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا انتخابی عمل میں جوش و خروش قابل دید تھا۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، آئی پی پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے سیاسی طور پر خود کو متحرک رکھا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کا پرامن اور شفاف انعقاد جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو ہضم نہیں ہوا، آج آزاد کشمیر حکومت کے ترجمان اور انتظامیہ نے پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کیا کہ ایک پرتشدد جتھے جسے کشمیر کی ترقی، امن اور پاکستان کے ساتھ اس کا اٹوٹ رشتہ قابل قبول نہیں، نے ایک مرتبہ پھر تشدد کا راستہ اختیار کرتے ہوئے کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں : کالعدم ایکشن کمیٹی سے مبینہ تعلق رکھنے والا مسلح شخص گرفتار، ایم فور رائفل برآمد

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ان کی پرتشدد کارروائیوں کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کا جمہوری راستہ اختیار کیا جو ان عناصر کو قبول نہیں تھا جب انہوں نے دیکھا کہ انتخابات کامیاب، آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انداز میں منعقد ہوئے تو اس جتھے نے تشدد کا راستہ اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس پرتشدد جتھے سے ممنوعہ اسلحہ بھی برآمد ہوا، انہوں نے فائرنگ کر کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ یہ پرامن احتجاج نہیں بلکہ ایک منظم جتھا ہے جو بیرونی ایجنڈے اور بھارتی فنڈنگ کے ذریعے اپنی مہم چلا رہا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ایسے عناصر کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی فوجی اڈوں پر داغے گئے ایران کے تمام بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ، سینٹکام

انہوں نے کہا کہ جس طرح آزاد کشمیر حکومت نے واضح کیا ہے کہ ایسے عناصر کو امن و امان خراب کرنے، عوام کی جان و مال کو نقصان پہنچانے اور ریاست میں انتشار پیدا کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی، اسی طرح حکومت پاکستان بھی آزاد کشمیر حکومت کے موقف کی مکمل تائید کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں کہ وہ امن و امان کو خراب کرے اور تشدد کے زور پر الیکشن کے دوران اس طرح کی خرابی پیدا کرنے کی کوشش کرے، ان کے ایجنڈے کو ہم بخوبی سمجھتے ہیں، یہ کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نہ ماضی میں کشمیر کاز کو کبھی نقصان پہنچا ہے اور نہ اب پہنچنے دیں گے، ناکامی ان کا مقدر ہوگی اور اس جتھے کی کشمیر مخالف پالیسیاں ناکام ہوں گی۔

Scroll to Top