راولاکوٹ: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ راولاکوٹ میں کارروائی کے دوران کالعدم عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی (JAAC) سے مبینہ تعلق رکھنے والے ایک مسلح شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار شخص کے قبضے سے امریکہ میں تیار کردہ ایم فور (M4) خودکار رائفل برآمد ہوئی، جسے تحویل میں لے کر فرانزک اور تکنیکی جانچ کے لیے متعلقہ اداروں کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے، جس دوران اس نے مبینہ طور پر JAAC کے نیٹ ورک، سرگرمیوں، فنڈنگ کے ذرائع اور ہدایات موصول ہونے کے طریقہ کار سے متعلق اہم معلومات فراہم کی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے دورانِ تفتیش ان عناصر کے بارے میں بھی معلومات دی ہیں جن سے اسے مبینہ طور پر مالی معاونت اور ہدایات موصول ہوتی تھیں۔
تفتیشی ادارے ملزم کے بیانات کی روشنی میں ممکنہ روابط، سہولت کاروں اور دیگر مشتبہ افراد کے کردار کا جائزہ لے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : راولاکوٹ میں صورتحال پرامن، حالات مکمل کنٹرول میں ہیں، سکیورٹی ذرائع
حکام کے مطابق برآمد ہونے والی ایم فور رائفل کو بھی مزید تحقیقات کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ اس کے استعمال اور ممکنہ روابط سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر مزید کارروائیاں اور گرفتاریاں بھی متوقع ہیں، تاہم تحقیقات مکمل ہونے سے قبل کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔
اداروں کے مطابق ملزم سے حاصل معلومات کی مختلف ذرائع سے تصدیق کی جا رہی ہے جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔





