اسلام آباد: وفاقی تعلیمی بورڈ نے نہم و دہم کے سالانہ امتحانات برائے سال 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں طالبات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 میں سے 7 ٹاپ پوزیشنز حاصل کر لیں، جبکہ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کا کوئی طالبعلم پوزیشن حاصل نہ کر سکا۔
نتائج کے اعلان کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے۔ تقریب میں چیئرمین فیڈرل بورڈ نے سالانہ نتائج کا اعلان کیا۔
چیئرمین فیڈرل بورڈ کے مطابق رواں سال 2 لاکھ 92 ہزار 831 طلبہ و طالبات نے امتحانات میں حصہ لیا، جبکہ امتحانات کے دوران نقل کے 86 کیسز رپورٹ ہوئے۔
امتحانات کے لیے مجموعی طور پر 1006 امتحانی مراکز قائم کیے گئے، جہاں 2012 سپروائزری اسٹاف اور 6996 انویجیلیٹرز تعینات کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ امتحانی پرچوں کی جانچ کے لیے 4855 اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئیں، جبکہ پیپر چیکنگ کے لیے 10706 اساتذہ نے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کا پشاور یونیورسٹی کانووکیشن سے خطاب، جامعات، نوجوانوں اور صوبائی حقوق پر اہم اعلانات
سائنس گروپ میں افیرا اعجاز نے 1089 نمبرز حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، آمنہ نعمان 1088 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ حذیفہ حیدر 1086 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کامیابیوں کی بنیاد تعلیم اور علم پر قائم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں خود کو بدلنے اور جدید تقاضوں کے مطابق آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ آنے والے 40 سالوں میں دنیا مزید تبدیل ہو چکی ہوگی، اس لیے علم کو اپنی روایات سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ترقی کے سفر کو جاری رکھنا ہوگا۔





