کم بارشیں اور گرمی

اکتوبر تک ملک کے بیشتر علاقوں میں کم بارشوں اور سخت گرمی کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے اگست سے اکتوبر کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارشوں اور معمول سے زیادہ درجہ حرارت کی پیش گوئی کرتے ہوئے مختلف موسمی خطرات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگست کے دوران خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی بارشوں کی کمی متوقع ہے، تاہم پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارشیں معمول سے کم رہنے کا امکان ہے جب کہ شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشیں معمول کے قریب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگست میں ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر اور ہیٹ اسٹریس کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کم بارشیں خریف کی اہم فصلوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ثابت ہو سکتی ہیں، جبکہ پنجاب اور سندھ میں پانی کی قلت کے خدشات کے باعث آبپاشی کی ضرورت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس سے زرعی شعبہ متاثر ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب شمالی علاقوں میں زیادہ درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلاف)، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کے خطرات برقرار رہیں گے۔

Scroll to Top