راولپنڈی: مال روڈ راولپنڈی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والے شخص کو جوابی کارروائی میں ہلاک کردیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی معمول کی ڈیوٹی پر مال روڈ سے گزر رہی تھی۔ اس دوران ایک راہگیر نے مبینہ طور پر 9 ایم ایم پستول سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔
ذرائع کے مطابق قانون اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کے تحت گاڑی میں موجود اہلکاروں نے اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کرنے والا شخص ہلاک ہوگیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ضلع خیبر کے رہائشی محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے تھا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کے قبضے سے پارٹی پرچم، اسلحہ، گولیاں اور بعض اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور فائرنگ کے محرکات سمیت دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔





