پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان براہِ راست پروازیں، قومی ایئرلائن کا بڑا اعلان

اسلام آباد: سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن طیرانِ ریاض (Riyadh Air) نے پاکستان کے لیے براہِ راست پروازوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان فضائی روابط مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرلائن انتظامیہ نے بتایا ہے کہ پاکستان کے لیے باقاعدہ فضائی آپریشن کا آغاز اگست سے کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں 14 اگست سے ریاض اور اسلام آباد کے درمیان روزانہ براہِ راست پروازیں چلائی جائیں گی، جس سے کاروباری شخصیات، سیاحوں، عمرہ زائرین اور دیگر پاکستانی مسافروں کو بہتر اور آسان سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

انتظامیہ کے مطابق دوسرے مرحلے میں 18 اگست سے ریاض اور لاہور کے درمیان بھی فضائی آپریشن شروع کیا جائے گا۔ اس روٹ پر ابتدائی طور پر ہفتے میں تین پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ مستقبل میں مسافروں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر پروازوں کی تعداد بڑھانے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شیاؤمی کا بڑا اعلان، نئی اسمارٹ الیکٹرک ایس یو وی “اسکائی نومیڈ” متعارف

طیرانِ ریاض کی پاکستان آمد کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور عوامی روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

نئی پروازوں سے دونوں ممالک کے درمیان سفر مزید آسان ہوگا، جبکہ باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے۔

ایئرلائن کی جانب سے شروع کیے جانے والے اس نئے فضائی آپریشن سے پاکستان میں موجود سعودی سرمایہ کاروں، کاروباری برادری، خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں اور عمرہ زائرین کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط مزید مضبوط ہونے کی امید بھی ظاہر کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top