بیجنگ: چینی ٹیکنالوجی کمپنی شیاؤمی نے الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے اپنی نئی اسمارٹ ایس یو وی سیریز اسکائی نومیڈ پیش کر دی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ صرف ایک الیکٹرک گاڑی نہیں بلکہ ایک ایسی متحرک رہائشی جگہ ہے، جو صارفین کی مختلف ضروریات کے مطابق اپنے اندرونی ڈیزائن کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
شیاؤمی کا کہنا ہے کہ نئی سیریز میں مکمل الیکٹرک ڈرائیو سسٹم کے ساتھ ایک اندرونی پیٹرول جنریٹر بھی شامل کیا گیا ہے، جو ضرورت پڑنے پر بیٹری کو چارج کرکے گاڑی کی سفر کرنے کی مجموعی حد (رینج) میں اضافہ کرتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس سے قبل متعارف کرائی گئی ایس یو 7 اور وائے یو 7 سیریز بنیادی طور پر ڈرائیور کے تجربے کو بہتر بنانے پر مرکوز تھیں، جبکہ نئی اسکائی نومیڈ سیریز کو گاڑی میں موجود تمام مسافروں کے آرام، سہولت اور روزمرہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
شیاؤمی کے مطابق اس گاڑی کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا تبدیل ہونے والا اسمارٹ اندرونی ڈیزائن ہے، جو مختلف مواقع اور ضروریات کے مطابق اپنی ترتیب بدل سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان لوئر: یکم اگست کو تحصیل وانا میں کرفیو نافذ، نقل و حرکت پر مکمل پابندی
کشادہ کیبن، ہموار فرش، لمبی ریل پر نصب نشستیں اور جدید اسمارٹ لے آؤٹ کی بدولت گاڑی کو باآسانی موبائل دفتر، آرام گاہ یا خاندانی سرگرمیوں کی جگہ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اسکائی نومیڈ کو اپنے نئے کنلون پلیٹ فارم پر تیار کیا گیا ہے، جس پر 2023 میں کام کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس پلیٹ فارم کی بدولت گاڑی دورانِ سفر مسافروں، سامان اور پالتو جانوروں کے لیے زیادہ کشادہ جگہ فراہم کرتی ہے، جبکہ پارک ہونے کے بعد یہی کیبن ایک چھوٹے دفتر، آرام دہ لاؤنج یا بچوں کے کھیلنے کی جگہ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
شیاؤمی نے اعلان کیا ہے کہ اسکائی نومیڈ سیریز جلد چین میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی۔ کمپنی کے مطابق اس منصوبے کی تیاری پر تقریباً ساڑھے تین سال تک کام کیا گیا۔
واضح رہے کہ شیاؤمی نے 2023 میں ہیومن کار ہوم اسمارٹ ایکو سسٹم متعارف کرایا تھا، جس کے تحت اسمارٹ فونز، اسمارٹ ہوم ڈیوائسز اور الیکٹرک گاڑیوں کو ایک ہی مربوط پلیٹ فارم کے ذریعے آپس میں منسلک کیا جا رہا ہے۔





