پی ٹی آئی یوتھ ونگ نے اپنی ہی صوبائی حکومت کی پالیسیوں پر سوالات اٹھا دیے

پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ ضلع پشاور کے عہدیداروں نے اپنی ہی صوبائی حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی فیصلوں کے باعث پارٹی کارکن مایوسی اور بے چینی کا شکار ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ صوبائی حکومت کی پالیسیوں نے کارکنوں کو سخت مایوس کیا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن، محسن نقوی اور گورنر فیصل کریم کنڈی خیبر پختونخوا حکومت کو سہارا دے رہے ہیں جبکہ صوبائی حکومت بھی ان کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ بانی پی ٹی آئی کا وہ بیانیہ کہاں گیا جس کے لیے کارکنوں نے جدوجہد کیااور کہا کہ پارٹی کی محنت پر پانی پھیر دیا گیا ہے۔

یوتھ ونگ کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ہر تین ماہ بعد ایک جلسہ کرکے خاموشی اختیار کر لینا قابل قبول نہیں، اب اس طرز سیاست کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ہونڈا موٹرسائیکل خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیےبڑی خوشخبری

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، بلیو پاسپورٹ اورپیٹرول کی قیمتوں جیسے معاملات کو سیاسی بیانیہ بنانے کے بجائے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول، اگر کارکنوں کے تحفظات دور نہ کیے گئے تو آئندہ فیصلے سڑکوں پر ہوں گے۔

Scroll to Top