خلا میں قدرتی شکر کی موجودگی کا انکشاف

سائنس دانوں نے خلا میں قدرتی شکر کی موجودگی دریافت کر کے کائنات میں زندگی کے آغاز سے متعلق تحقیق کے ایک نئے باب کا آغاز کر دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ دریافت اس بات کو سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے کہ زمین پر زندگی کے بنیادی اجزا کیسے وجود میں آئے۔

محققین نے ہماری کہکشاں ملکی وے کے مرکزی حصے کی سمت میں ایریتھرولوز نامی قدرتی شکر کے آثار دریافت کیے ہیں, زمین پر یہ شکر بعض پھلوں، خصوصاً راسبیری، میں قدرتی طور پر پائی جاتی ہے جبکہ اسے کچھ مصنوعی ٹیننگ مصنوعات میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق شکر زندگی کے بنیادی کیمیائی اجزا میں شامل ہے، کیونکہ یہ ڈی این اے اور آر این اے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرنے والے مرکبات سے تعلق رکھتی ہے اور خلیاتی نظام میں توانائی کے حصول کے عمل سے بھی جڑی ہوئی ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ زندگی کے ابتدائی مراحل میں بھی شکر جیسے نامیاتی مرکبات نے اہم کردار ادا کیا ہو گا, تاہم یہ سوال اب بھی موجود ہے کہ ایسی پیچیدہ شکر خلا یا زمین پر ابتدائی حالات میں کیسے تشکیل پائی۔

یہ بھی پڑھیں: چینی طلبا کا حیران کن کارنامہ،دنیا کا سب سے بڑا ریموٹ کنٹرول کاغذی جہاز بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا

تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ زندگی کے آغاز سے پہلے کے ماحول میں اس قسم کے مرکبات کا بننا آسان عمل نہیں تھا۔ یہی وجہ ہے کہ خلا میں قدرتی شکر کی دریافت سائنس دانوں کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ دریافت مستقبل میں اس راز کو سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے کہ زمین پر زندگی کا آغاز کیسے ہوا اور کیا کائنات کے دوسرے حصوں میں بھی زندگی کے لیے ضروری بنیادی عناصر موجود ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top