یو اے ای نے پاکستانی شہریوں کے لیے وزٹ ویزا پالیسی میں نرمی کردی

دبئی: متحدہ عرب امارات نے کئی ماہ سے جاری غیر یقینی صورتحال کے بعد پاکستانی شہریوں کے لیے وزٹ ویزا پالیسی میں نمایاں نرمی کر دی ہے۔

ٹریول ایجنٹس اور امیگریشن ذرائع کے مطابق رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے پاکستانی شہریوں، خصوصاً خاندان کے ساتھ سفر کرنے والوں اور امارات میں مقیم عزیز و اقارب سے ملاقات کے خواہش مند افراد کو اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسانی سے وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی ماہ کے دوران پاکستانی شہریوں کو وزٹ ویزا حاصل کرنے میں تاخیر، اضافی جانچ پڑتال اور بعض درخواستوں کے مسترد ہونے جیسے مسائل کا سامنا تھا، تاہم اب ویزا منظوری کے عمل میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔

ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رجسٹرڈ ایجنسیوں کے ذریعے مکمل دستاویزات کے ساتھ جمع کرائی جانے والی درخواستیں زیادہ تعداد میں منظور ہو رہی ہیں، جبکہ خاص طور پر فیملی ویزا کیسز میں بہتری آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاک فوج عوامی خدمت میں پیش پیش، راولاکوٹ میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد

اروما ٹریولز کے چیف ایگزیکٹو اور ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین محمد ندیم شریف نے اس پیشرفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خاندانوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجرا دوبارہ بہتر ہونا مثبت اشارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیاں بھی بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں اور گزشتہ چند ماہ کے دوران کم ہونے والا مسافروں کا رش دوبارہ بڑھ رہا ہے۔

امیگریشن حکام کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سے دبئی جانے والے مسافروں کی تعداد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ موسم گرما کے آغاز میں یومیہ مسافروں کی تعداد تقریباً 170 تھی جو جولائی کے آخری ہفتے تک بڑھ کر تقریباً 400 تک پہنچ گئی۔

ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیدار محمد حنیف رنچ کے مطابق گزشتہ ہفتے سے ویزا منظوری کے عمل میں واضح بہتری آئی ہے، جبکہ مکمل دستاویزات کے حامل درخواست گزاروں کے لیے معاملات آسان ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دبئی امیگریشن کا ویزا مسائل میں مبتلا افراد کے لیے بڑے ریلیف کااعلان

متحدہ عرب امارات کے سفارتی ذرائع کے مطابق مکمل اور درست دستاویزات کے ساتھ درخواست دینے والے عام پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں، تاہم بعض معاملات میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر تاخیر ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے ویزا سہولتوں میں بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا تھا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق جعلی دستاویزات، فرضی ملازمت کے معاہدوں، بعض افراد کی مجرمانہ سرگرمیوں اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے باعث اماراتی حکام نے جانچ پڑتال کا عمل سخت کیا تھا۔

تازہ پیشرفت کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، خاندانی روابط اور کاروباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

Scroll to Top